لاہور،12مارچ (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں صوبائی کابینہ کا 9 واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سابق دور میں خلاف ضابطہ 56 کمپنیوں کونمک کی کان کنی کے لئے جاری لائسنس منسوخ کرنے کافیصلہ کیاگیا۔پنجاب کابینہ نے لائسنس منسوخ کرنے کے لئے قواعد وضوابط کے مطابق کارروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔لائسنس منسوخ کرنے کے حوالے سے تمام قواعد وضوابط کو مکمل کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خلاف ضابطہ لائسنس جاری کرکے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا اور بغیر بڈنگ و اوپن آکشن کے ذریعے من پسند کمپنیوں کو لائسنس جاری کئے گئے۔32 کمپنیوں کو لائسنس کا اجرا کیاگیا جبکہ 24کمپنیوں کو لائسنس کا اجرا ابھی آفر سٹیج پر ہے۔پنجاب کابینہ نے کان کنی کے لئے لائسنس جاری کرنے کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے اقدامات کی منظوری دی۔ جس کے تحت کان کنی کے لئے لائسنس کااجرا اوپن آکشن کے ذریعے کیاجائے گا۔
اجلاس میں پنجاب کی نئی ترمیم شدہ راک سالٹ پالیسی کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروس پر سفر کرنے والے طلبا و طالبات کے لئے بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا جس کے تحت یونیفارم میں طلبا وطالبات کو اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس پرمفت سفر کی سہولت ہوگی۔وزیر اعلی نے وزیراعظم شہبازشریف کی انرجی کنز رویشن پالیسی کے تحت انرجی ڈیپارٹمنٹ کو انرجی سیونگ کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سرکاری دفاتر میں بجلی کے استعمال شدہ یونٹس میں کمی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہر محکمے کو توانائی بچت پالیسی پر عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کیں اور سیکرٹریز سے بجلی کے استعمال کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلی نے سول سیکرٹریٹ اور دیگر محکموں کو پیپرلیس کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ محکموں کو پیپر لیس کرنے کے لئے جامع پلان مرتب کیاجائے اور سمریوں کو کم سے کم وقت میں نمٹایا جائے۔ اجلاس میں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے تحت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سیل کے کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز،کنٹرولرزاو رجسٹرارز کے خالی عہدوں پرالیکشن کمیشن کی اجازت سے تقرریاں کرنے کی مشروط منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور چیف ایگزیکٹو آفیسر آب پاک اتھارٹی سید زاہد عزیز کے استعفی کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں رواں مالی سال کے دوران سیلاب سے دریاں اور نالوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تعمیر و مرمت و بحالی کیلئے ضمنی گرانٹ کے اجرا اورصوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ و ضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈز میں ماہرین/پرائیویٹ ممبران کی تقرریوں کی منظوری دی گئی۔اسی طرح پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ 2020 کے تحت7 نیشنل پارکس کی توثیق اور بصیرہ ٹائون، مظفر گڑھ میں امینے اردوان دانش کیئر گرلز سکول کیلئے مالی سال 2021-22 کے دوران استعمال نہ کئے جانے والے فنڈز کے دوبارہ اجرا کی منظوری دی گئی۔پنجاب حکومت کے مالی سال 2018-19، 2019-20، 2020-21 اور 2021-22 کے اکائونٹس کے بارے میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹس کی منظوری بھی دی گئی۔











