وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

6

کوئٹہ،23مارچ (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے زخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو کنٹرول نرخ پر آٹے کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اعلیٰ سطحی ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں حکومت بلوچستان کی جانب سے غربت کی لکیر سے نیچے خاندانوں کو رمضان میں ایک ماہ کا راشن مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں مستحق خاندانوں کا ڈیٹا مرتب کرکے فوری طور پر راشن کی فراہمی کا آغاز کیا جائے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر آٹا اور راشن فراہم کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی اضافی لوڈ شیڈنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کیسکو اور ایس ایس جی سی کو صورتحال کی فوری بہتری کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی ناقابل برداشت ہے اور ہم وفاقی حکومت سے شدید احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئٹہ سمیت ہر ضلع میں رمضان سستا بازار لگا کر عوام کو ریلیف دیا جائے، یوٹیلیٹی سٹورز اور تاجروں کا تعاون حاصل کیا جائے اور روزمرہ کی اشیاء ضرورت کی قیمتوں کو ہر صورت مستحکم رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی اقدامات کو مذید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے امن و امان کے قیام کے لیے محکمہ داخلہ پولیس اور لیویز فورس کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول سیکیورٹی صورتحال اور سستا بازاروں کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس کو بھجوائی جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کو بارش، برف باری اور ژالہ باری کے زیر اثر اضلاع کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم اے سٹاف مشینری کے ساتھ مزکورہ اضلاع میں موجود ہے اور تمام متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ متحرک و فعال ہے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستحق خاندانوں کی تفصیل کل تک حاصل کر لی جائے گی، متعلقہ سیکریٹریوں اور کمشنروں کی جانب سے اجلاس کو رمضان سستا بازاروں کے انعقاد، زخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف کارروائیوں اور رمضان المبارک میں سیکیورٹی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گیس کے دباؤ میں کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بارشوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ،سیکریٹری خوراک سیکریٹری پی ایچ ای سیکریٹری انڈسٹریز سمیت تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈی آئی جیز سی ای او کیسکو اور جی ایم ایس ایس جی سی بھی اجلاس میں شریک تھے۔