چترال ؛ لوئرچترال میں 4 روزہ جشن کی تقریبات کا آغاز

15

چترال،17مارچ  (اے پی پی):ضلع لوئر چترال میں  چارروزہ جشن چترال 2023 کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریبات گورنمنٹ سینٹینیئل ماڈل ہائی سکول کے سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔

جشن چترال کا تہوار طویل عرصے کے بعد منایا جا رہا ہے۔ تہوار میں والی بال، فٹ بال، کرکٹ، ٹگ آف وار، پولو، نعت حوانی، تلاوت اور شاعری کے مقابلے ہوں گے۔ جشن میں شریک تمام ٹیموں نے سٹیڈیم میں مارچ کیا، سکول آف نالج اینڈ سائنس سنگور کے بچوں نے ہاتھوں میں پھولوں کے ساتھ ایک خوبصورت استقبالیہ مارچ پیش کیا۔ قومی ترانہ پر تمام شرکا احترام میں اٹھ کھڑا ہوئے۔ چترال جشن کا افتتاح چترال سکاٹس کے میجر نے کر کیا۔

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امیر زمان نے بتایا کہ چترال جشن میں چترال پولیس، لیویز، صحت، محکمہ تعلیم، چترال سکاٹس، سول ڈیفنس، پاپولیشن ویلفیئر اور دیگر محکموں کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں جو کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ والی بال اور فٹ بال میں نو ٹیمیں، کرکٹ میں نو ٹیمیں، ٹگ آف وار کی دو ٹیمیں اور پولو کی دو ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ملی نغمہ، شاعری، تلاوت اور نعت ہونی کے مقابلے ہوں گے۔

 انہوں نے  مزید کہا کہ  جشن چترال منانے کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے تاکہ ایک طرف وہ ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رہیں تو دوسری طرف منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے بھی محفوظ رہ سکیں۔