اوکاڑہ،08اپریل (اے پی پی): اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس اوکاڑہ کیپٹن ریٹائرڈ عامر شوکت نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال تحفظ اور انکے پولیس سے متعلق مسائل کے حل کیلئے میڈیا کا تعاون لازم ہے۔ پولیس اور عوام کے مابین خلیج کا خاتمہ صحافیوں کی مدد سے ہی ممکن ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اوکاڑہ پریس کلب میں صدر پریس کلب شیخ شہباز شاہین سمیت دیگر عہدیداروں اور ممبران سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ اے ایس پی عامرشوکت نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی کاوشوں اور خصوصی توجہ کے باعث پولیس کا مورال بلند ہوا ہے اور عوام میں پولیس کے متعلق تاثر میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور اس میں روز بروز بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کی اصلاح کیلئے میڈیا کے کردار کوفراموش نہیں کیا جاسکتا۔ صحافیوں کے تعاون سے ہی عوام کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کےحکم پر اور ڈی پی او اوکاڑہ کی قیادت میں اوکاڑہ پولیس نے کافی حد تک جرائم کی شرح پر قابو پایا ہے اور ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جس سے جرائم میں کمی آتی جائے تاکہ عوام کے دن رات سکون سے گزر سکیں۔اس موقع پرشہباز ساجد، راؤفضل الرحمان،منیر چوہدری،سلمان قریشی، شیخ ندیم شیراز۔طارق نوید، طارق خان،شیخ شفیق اوررانا قاسم سمیت دیگرسینئر صحافی بھی موجود تھے۔











