اوکاڑہ؛انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمدکے لئےعام لوگوں کو بھی آگاہی دینا ہو گی ،ڈپٹی کمشنر

14

اوکاڑہ،08اپریل(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لئے کام کرنے والے محکمے ایک انتہائی اہم اور ذمہ دارانہ فریضہ ادا کررہے ہیں،ہمیں نہ صرف خود انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملد ر آمد کرنا ہے بلکہ اپنے ارد گرد لوگوں کو بھی آگاہی دینا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسدادڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ اور ڈسٹرکٹ انٹا مالوجسٹ حافظ محمد عبداللہ،سی ڈی سی آفیسرچوہدری اصغرنے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں اس وقت ڈینگی کا امپورٹڈ کیس ہے یہ شخص فیصل آباد میں بسلسلہ روزگار مقیم تھا، ضلع میں مقامی ڈینگی کا کوئی مریض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع میں 1 ہزار 902 افراد ویکٹر سر ویلنس کا کام کر رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر تمام کارروائی ڈیش بورڈ پر لوڈ کی جاتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری افسران ہاؤس کیپنگ کے ساتھ ساتھ اپنے زیر انتظام دفاتر میں صفائی ستھرائی پر توجہ مرکوز کریں ہر سرکاری دفتر ہفتہ وار اپنے دفتر کی جانب سے ڈینگی فری سرٹیفیکیٹ ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ کی فیلڈ ٹیمیں قبر ستانوں، ٹائرمارکیٹس اور کاروباری مراکزکے روزانہ کی بنیاد پر دورے کریں اور جو لوگ انسداد ڈینگی ایس او پیزپرعملدرآمد نہ کرے ان کی دوکانیں سیل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جائیں۔