جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ کی زیر تعمیر بلڈنگ کی جلد تکمیل کیلئے منصوبے کی  مانیٹرنگ شروع

14

ملتان، 7 اپریل(اے پی پی ): سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی زیر تعمیر بلڈنگ کی جلد تکمیل کے لئے محکمہ سروسز کی جانب سے منصوبے کی  مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔

اس سلسلے میں سیکرٹری سروسز امجد شعیب خان ترین منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے متی تل پہنچے اور پراجیکٹ سائٹ پر   اجلاس کی صدارت کی۔سیکرٹری سروسز نے پراجیکٹ پر پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ کام کی سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ  افرادی قوت اور مطلوبہ  تعمیراتی میٹیریل کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور  سی یو پی بلڈنگ، پینل روم، روڈ ورکس، ڈرینج سسٹم اور  لفٹنگ اسٹیشن پر کام کی رفتار بڑھائی جائے۔ انہوں نے آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر  اور کنسلٹنٹ کو بھی ہدایت کی کہ کنٹریکٹر کو تیز رفتار بنیادوں پر تکنیکی معاونت  فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے  کے لیے آئندہ ہفتہ میں دو بار اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن و  ایس اینڈ جی اے ڈی جنوبی پنجاب محمد فاروق ڈوگر، پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ڈیپ ،  ریزیڈنٹ انجینئر اور متعلقہ  کنسٹرکشن کمپنی کے جی ایم نے شرکت کی۔