نوشہرہ ورکاں، 07 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض موھل نے کہا ہے کہ مستقبل کی درست پلاننگ کیلئےشہریوں کامردم شماری ٹیموں سےتعاون انتہائی ضروری ہے، عدم تعاون پر قانونی کارروائی عمل میں لانے پر غور شروع کردیا گیاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کی پیش رفت بارے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ185 بلاکس میں مزید محکمہ تعلیم کا سٹاف، پولیس نفری ٹیموں کے ہمراہ بجھوانے کا فیصلہ کیا ہے، اسسٹنٹ کمشنرز مقررہ ہدف سے کم والے بلاکس میں خود نگرانی کریں۔
ڈپٹی کمشنر فیاض موھل نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور میں خود بھی مردم وخانہ شماری ٹیموں، سکیورٹی انتظامات کو چیک کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کا عمل مکمل کرانے میں عوامی آگاہی کیلئے مساجد میں اعلانات کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے 10 دن تمام افسران پوری طرح متحرک ہوں اور ہر فرد، ہر گھر، ہاوس ہولڈ تک پہنچیں جہاں خامیاں ہیں انہیں فوری دور کیا جائے، بلاکس میں دیکھیں کہاں سو فیصد کام ہوچکا اور کہاں خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔











