سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کے ایڈیشنل بلاکس کی تعمیر کا جائزہ اجلاس منعقد

39

لاہور، 14 اپریل(اے پی پی): سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے کہا ہے کہ بورڈ آف ریونیو کے ایڈیشنل بلاکس کی تعمیر بارے پیپر ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ برکی روڑ پر 60 کنال پر محیط نئے کمپلیکس کے لیے ہائی رائز بلڈنگز کے تعمیراتی کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔بورڈ آف ریونیو کے ہیڈ کوارٹر سے ٹیکسز ونگ، پی ڈی ایم اے، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، آئی ڈیپ اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے دفاتر کو برکی روڑ پر شفٹ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار نبیل جاوید نے بورڈ آف ریونیو کے ایڈیشنل بلاکس کی تعمیر بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) عمران قریشی، سیکرٹری (ریونیو) مہرشفقت اللہ مشتاق، ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر، ڈپٹی سیکرٹری (سٹاف) رومان برآنہ، کمشنر ریونیو پنجاب اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سمیت آئی ڈیپ کے افسران نے شرکت کی۔ متعلقہ افسران کی جانب سے اجلاس کو سائیٹ اور ماسٹر پلان بارے تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ برکی روڑ پر 400 گاڑیوں کے لیے پارکنگ پلازہ اور آڈیٹوریم بھی بنایا جائے گا جس کے تعمیراتی کام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ ایس ایم بی آر نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کا مقصد ورکنگ ریلشن شپ میں بہتری لانا اور شہریوں کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کو ایک چھت تلے حل کرنے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے ریونیو کمپلیکس کی تعمیر سے بورڈ آف ریونیو میں دفاتر کی کمی پوری ہو گی۔ بعد ازاں سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیرصدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منصوبوں بارے اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبر کالونیز، سیکرٹری کالونیز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ ایس ایم بی آر نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منصوبوں میں بورڈ آف ریونیو کی جانب سے حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ کا منصوبہ پاکستان کے میگا پراجیکٹس میں سے ایک ہے اس کی تکمیل تمام اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔