سیکورٹی فورسز ، پولیس اہلکاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کیلئے مزید متحرک کردار ادا کرے؛ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو

13

کوئٹہ،11اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز ،  پولیس اہلکاروں  پر حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کیلئے مزید متحرک کردار ادا کرے،صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرے گی۔

ان خیالات  کا اظہار  صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو  نے  امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  کیا۔اجلاس کو  ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ صالح ناصر اور ایڈیشنل آئی جی پولیس سلمان چوہدری نے صوبے میں امن و امان کی تازہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

بریفنگ میں  دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون نافذکرنیوالے اداروں کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا  گیا کہ  گزشتہ 2 روز میں اب تک صوبےمیں دہشتگردی کے 4 واقعات ہوئے ہیں، زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردی کے درجنوں منصوبوں کو ناکام بنایا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ اہلکاروں  پر حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کیلئے سیکورٹی  فورسز مزید متحرک کردار ادا کرے، صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو دہشت گرد حملوں سے محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اور جدید آلات فراہم کئے جائیں گئے ۔

 اس موقع پر وزیر داخلہ نے  یوم علی ؓ کی مناسبت سے جلوسوں کو فل پروف سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایات کی  ۔اجلاس میں  ڈی جی لیویز ،ڈی آئی جی پولیس عظیم شہاب لٹری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی  گئی  ۔