اوکاڑہ،11اپریل(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ تعلیمی ترقی قوموں کے عروج کے لئے بنیاد فراہم کرتی ہے، پڑھا لکھا معاشرہ سماجی، سیاسی اور اقتصادی ترقی کی منازل طے کرتا ہے ہمیں اپنے بچوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ایک ذمہ دار پڑ ھے لکھے شہری کے طور پر وطن عزیز کی خدمت کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈسٹرکٹ ایجو کیشن اتھارٹی اور نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے ضلع میں داخلہ مہم 2023/24 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے اپنے ہاتھ سے بچوں کا نام داخلہ رجسٹر میں درج کر کے مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کی تعلیم ہمارے لئے سب سے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ پر زور دیا کہ بچوں کو نصابی سر گرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سر گرمیوں اور خصوصاََانہیں تہذیب و تمدن کا خوگر بنائیں اساتذہ بچوں کو ادب اور تمیز سے اپنا مدعا بیان کرنے کے ہنر سے آراستہ کریں تاکہ یہ بچے کل ادب و تمیز اور تہذیب و تمدن کی چلتی پھرتی تصویر نظر آئیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور والدین کا تعلیم کی بہتری کے لئے اشتراک بچوں کے سنہرے مستقبل کے لئے ضروری ہے اساتذہ کرام دلچسپی،لگن اور محنت سے معاملات کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے یقین دلایا کہ تعلیمی اداروں میں پینے کے پانی،فرنیچر اور واش روم کی سہولت کو بہتر بنایا جائے اور اس کو بہتر بنانے میں محکمہ تعلیم کا انتظامی شعبہ اپنا کردار ادا کرے اساتذہ بچوں کو ان کے رجحانات کے مطابق کسی بھی فیلڈ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کریں اور ان کی کیریر کونسلنگ کریں۔
اس مو قع پر سی ای او ایجو کیشن ڈاکٹر محمد ارشد اور این سی ایچ ڈی کے ڈپٹی ڈائر یکٹر رانا محمد عباس نے ضلع میں شروع کی گئی سکول میں بچوں کو داخلہ مہم،اس کے اہداف اورداخلہ مہم میں اساتذہ کے کردار سے متعلق بریفنگ دی۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائر یکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میڈم فضیلت،ڈی اوسیکنڈری، ڈی اوایلیمنٹری سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











