فیصل آباد،3اپریل(اے پی پی):”وزیر اعظم الیکٹرک وہیل چیئر سکیم برائے یونیورسٹی طلباء” پروگرام کے تحت گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل نے سرکاری جامعات کے تیرہ معذور طلبا و طالبات میں وہیل چیئرز تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل نے کہا کہ وہیل چیئرز کی فراہمی کا مقصد ان نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ ان کی معذوری انکی صلاحیتوں کے آگے آڑ نہ بنے۔انہوں نے کہا کہ ایسے طلبا و طالبات بہت خاص اور باصلاحیت ہیں ان کے آئیڈیاز اور مسائل سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت بہت منفرد ہے کہ انہوں نے اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور ہائر ایجوکیشن تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
ڈاکٹر شائستہ سہیل نے مزید کہا کہ ان کے والدین اور بہن بھائی خراج تحسین کے حق دار ہیں جنہوں نے ہر سطع پر ان کی مدد کی اور ان کا ساتھ دیا۔انہوں نے طلباو طالبات کو اخلاق بلند رکھنے اور دوسروں کے لئے آسانیاں پیدا کر نے کی نصحیت کی۔
پروجیکٹ مینیجر وزیر اعظم وہیل چئیر پروگرام در شہوار سدوزئی نے کہا کہ حکومت پاکستان نے 2018 میں اس پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت چھ سو پانچ طلبا و طالبات کو وہیل چئیرز فراہم کرنے کا اعادہ کیا جس کا آج آخری مرحلہ ہے مستقبل میں بھی اسے منصوبے کو جاری رکھنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے وزیر اعظم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اس اقدام کو سراہا جنہوں نے ان خاص طالب علموں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لئے وہیل چیئرز فراہم کیں۔انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک کی تخلیق دوسرے سے مختلف ہے اس لئے سب کی صلاحیتیں بھی ہر ایک سے الگ ہیں اسی طرح نظام قدرت ہے کہ ہر ایک کیلئے حد مقرر ہے چاہے وہ جسمانی نقائص کے ساتھ ہوں یا اس سے الگ۔اس لئے کبھی بھی اپنی ترقی و کامیابی کو کسی ایسے نقص کی نظر نہ ہونے دیں اور بہترین صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی ترقی و کامیابی کے لئے آگے بڑھیں۔
تقریب میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے 31 طلباو طالبات کو وہیل چیئرز فراہم کی گئیں۔











