لاہور؛ صوبائی وزیرسید اظفر علی ناصر کی کیتھڈرل چرچ میں ایسٹر تقریبات میں شرکت ،مسیحی برادری کو مبارکباد

9

لاہور، 09 اپریل(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور، ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کیتھڈرل چرچ میں ایسٹر کی تقریبات میں شرکت کی اور مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسٹر کا اصل پیغام پیار اور خوشی ہے اور معاشرے میں امن اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے یہ پیغام بہت ضروری ہے، دعا ہے کہ معاشرے میں خوشی اور بھائی چارے کے جذبے کو مزید فروغ حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ  یہ امر اعزاز اور سعادت کا باعث ہے کہ ماہ رمضان میں مجھے مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع ملا، ماہ رمضان المبارک امنِ عالم کا امین اور بین المذاہب مکالمے کا علمبر دار ہے۔انہوں نے کہا کہ  عصر حاضر میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے تمام ادیانِ عالم کو مشترکہ جدو جہد کی ضرورت ہے۔ رواداری، انسان دوستی، اخوت اور بھائی چارے کے ذریعے ہی معاشرے کو جنت نظیر بنایا جاسکتا ہے۔

 بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے اور دنیا بھر کی تمام اقوام اور مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو سلامتی کی طرف بلاتا ہے، اسلامی ریاست میں غیر مسلم شہریوں کو بھی وہی حقوق حاصل ہیں جو مسلمانوں کو حاصل ہیں، پنجاب حکومت مذہبی روادی کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، نگران حکومت اقلیتوں کے حقوق کی پوری طرح ضامن اور ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ  عصر حاضر میں پیار، محبت، اخوت، بھائی چارہ اور انسان دوستی کی فضا قائم کرنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے  اس میں غیر مسلم شہریوں کو بھی وہی حقوق حاصل ہیں جو کسی بھی مسلمان شہری کو حاصل ہیں۔ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور میری نیک تمنائیں انکے ساتھ ہیں۔