ملتان، یکم اپریل (ا ے پی پی ):ضلعی انتظامیہ نے لاوارث بچوں کی بحالی و تعلیم و تربیت کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو بچوں کی مکمل کفالت کا حکم جاری کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات چیک کئے۔ڈپٹی کمشنر لاوارث بچوں میں گھل مل گئے اور انکی خیریت دریافت کی۔انہوں نے کہا کہ سٹریٹ چائلڈز کو معاشرے کا فعال رکن بنانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو گھریلو تشدد کا شکار بچوں پر خصوصی توجہ کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بچوں کو رہائش و تعلیم کی مکمل سہولیات فراہم کررہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی چائلڈ پروٹیکشن بیورو آمد پر ڈسٹرکٹ انچارج شفاعت ظفر اور ادارے میں رہائش پذیر بچوں نے ڈپٹی کمشنر کو خوش آمدید کہا اور پھول پیش کئے۔
ڈسٹرکٹ انچارج شفاعت ظفر نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ورکنگ اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، مختلف شعبہ جات کے انچارج آفیسرز نے اپنے سیکشن کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کے ہوسٹل کا بھی معائنہ کیا اور ادارے میں رہائش پذیر لاوارث بے آسرا بچوں سے ملاقات کی اور بچوں میں گھل مل گئے اور بیورو کی جانب سے بچوں کو دی جانے والی سہولیات بارے اطمینان کا اظہار کیا۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان میں 60 کے قریب لاوارث بے آسرا بچے رہائش پذیر ہیں جن کو ضروریات زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت بھی کی جارہی ہے تاکہ یہ بچے بھی معاشرے کے مفید اور کارآمد شہری بن سکیں۔











