لاہور7اپریل(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کے لئے فوری اور پائیدار اقدامات کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انڈسٹری رولز 1996 اور موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترامیم لائی جائیں گی۔ اجلاس میں پنجاب کے منتخب بڑے روڈز پر ڈیجیٹل وزن کانٹے لگانے کی تجویز کاجائزہ بھی لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس ٹرانسپورٹ کے ڈیجیٹل وزن کی پالیسی وضع کرے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے پنجاب ہائی وے پولیس مال بردار گاڑیوں میں مقررہ وزن کی چیکنگ کرے گی اور ڈیجیٹل کنڈوں کو پی آئی ٹی بی کی ایپ سے منسلک کردیاجائے گا جس سے ہر مال بردار گاڑی کے وزن کا ڈیٹا متعلقہ ضلع کے ڈیش بورڈ تک پہنچ جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کرشنگ پلانٹ،غلہ منڈیوں، سیمنٹ، شوگر اور فرٹیلائز فیکٹریوں او ردیگر انڈسٹریز کے ویٹ مشینوں کو پی آئی ٹی بی ایپ سے منسلک کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز قانون، صنعت، لوکل گورنمنٹ، تعمیرات و مواصلات، ٹرانسپورٹ، اطلاعات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی جی ریسکیو 1122 اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











