وزارت مذہبی امور کے تحت حج 2023انتظامات بارے جائزہ اجلاس کا انعقاد

46

 

فیصل آباد17  اپریل  (اے پی پی): حج 2023 انتظامات کے حوالے سے وزارت مذہبی امور کے تحت ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں سوموار کے روز اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت محمد عارف ظہور انچارج حاجی کیمپ لاہور وزارت مذہبی امور نے کی۔اجلاس میں مجیب اکبر شاہ ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر وزارت مذہبی امور لاہور کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں حج 2023کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔انچارج حاجی کیمپ لاہور نے بتایاکہ فیصل آباد سے 3ہزار 300حجاج اکرام حج کی سعادت حاصل کریں گے اور حج آپریشن کا آغاز مئی 2023میں کیا جا رہا ہے جس کے تحت مئی کے دوسرے ہفتے میں حاجیوں کی ٹریننگ اور ویکسینیشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ مئی کے تیسرے ہفتے میں حج فلائٹس کا باقاعدہ آغاز متوقع ہے اور جیسے ہی فلائٹس کا حتمی شیڈول جاری ہو گا تو حجاج اکرام،تمام متعلقہ محکمہ جات اور تمام میڈیا کو مہیا کر دیا جائے گا تاکہ انتظامات میں کسی قسم کی کوئی دشواری پیش نہ آئے۔انہوں نے بتایاکہ حج ٹریننگ پنجاب کوآپریٹو کالج فیصل آباد میں ہو گی جس کیلئے فول پروف سکیورٹی، سینیٹیشن انتظامات، پانی،پارکنگ انتظامات، صفائی ستھرائی کے معاملات،ٹریفک کنٹرول کے انتظامات،حجاج کرام اور سٹاف کی ویکسینیشن،حجاج کے بلڈ ٹیسٹ،بینکوں کے معاملات،کرنسی ایکسچینج،طبی امداد،چیک اپ،بائیو میٹرک اور فلائٹ آپریشن وغیرہ کے انتظامات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی جار ہی ہیں تاکہ حجا ج اکرام کو بہترین سہولیات پہنچائی جائیں اور انہیں کسی قسم کی کوئی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ محمد عارف ظہور نے بتایاکہ وزارت مذہبی امور حجا ج اکرام کوبہترین حج انتظامات مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور متعلقہ محکموں سے ہر وقت رابطے میں ہے اور انتظامات کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ حجاج اکرام کو پہلی فلائٹ سے لے کر آخری فلائٹ تک کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس اور تما م متعلقہ محکمہ جات کے افسران کا حجاج اکرام کی خدمت کیلئے اپنی سروسز پیش کرنے پر شکریہ ادا کیااور کہا کہ یہ نہ صرف ہمارے فرائض میں شامل ہے بلکہ ہمارے لئے اللہ کی رضا حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے کہ ہم حجاج اکرام کی خدمت کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔