چنیوٹ؛ مستحق افراد کو مفت آٹے کی فراہمی جاری،اب تک 2 لاکھ سے زائد تھیلے تقسیم

16

چنیوٹ ، 09  اپریل (اے پی پی ): وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے رمضان المبارک ریلیف پیکج کے تحت ضلع چنیوٹ میں بھی غریب اور مستحق کم آ مدنی والے افراد کو مفت آٹے کے تھیلے فراہم کیے جارہے ہیں، اب تک 2 لاکھ 43 ہزار 816 غریب اور مستحق خاندانوں میں 5لاکھ64 ہزار 872 آٹے کے تھیلے مفت تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

 آٹے کی تقسیم کیلئے 12 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں ان پوائنٹس پر روانہ 50 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے مستحق افراد میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، ہر خاندان کو 30 کلو آ ٹا 3 حصول میں مفت 25 رمضان المبارک تک تقسیم کیا جائے گا۔

 آ ٹا پوائنٹس پر عوام کی سہولت کے لئے بیٹھنے کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ یہ عمل شفافیت کے ساتھ جاری ہے جبکہ سیکیورٹی کے بھی فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں  شہریوں کا کہنا ہے کہ  مفت آ ٹے کی فراہمی کسی نعمت سے کم نہیں،چنیوٹ کی عوام مفت آ ٹا سکیم شروع کرنے پر وزیراعظم میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔