کراچی ایكسپریس ٹرین  حادثہ،  ٹریک پانچ گھنٹے بعد بحال، ٹرینوں کی آمدورفت شرو

19

سکھر، 27 اپریل (اے پی پی):کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین کراچی ایکسپریس میں آگ لگنے والے واقعے کے پانچ گھنٹے بعد ریلوے ٹریک بحال کردیا گیا، خیرپوراسٹیشن سمیت دیگراسٹیشنس پر کھڑی مسافر ٹرینوں کو ریلوے ٹریک بحال کرکے اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ کردیا گیا جبکہ  جاں بحق افراد کی تعداد 7 بتائی جا رہی ہے ۔

26 اور 27 اپریل کی درمیانی شب ساڑھے بارہ بجے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی اے سے بزنس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری طور پر گاڑی کو ٹنڈو مستی خان سٹیشن کے قریب روک لیا گیا۔ ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس کی پہلی گاڑی رات ایک بج کر پچاس منٹ تک موقع پر پہنچی، تقریباً چالیس منٹ کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

اس دوران  دو مسافر جاں بحق ہوئے جبکہ چار مسافر کوچ سے لا پتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ ستر سالہ رابعہ بی بی متاثرہ کوچ سے چھلانگ لگانے پر شدید زخمی ہوئیں اور زخموں کی تاب نہ لا سکیں جبکہ جاں بحق ہونے والے دوسرے مسافر کی تا حال شناخت نہیں ہو سکی ہے کہا جا رہا ہے کہ جو افراد لاپتہ ہیں وه بھی جاں بحق ہوگئےہیں ۔

 ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر موجود رہے اور صورتحال کی نگرانی اور وزارت میں رپورٹ کرتے رہے۔ ابتک جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو چکی ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔