آنے والی نسلوں کو سائنسی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات سے بھی روشناس کروانا ہو گا؛ گورنر محمد بلیغ الرحمن

25

لاہور، 28مئی(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے  کہا ہے کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو سائنسی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات سے بھی روشناس کروانا ہے تاکہ وہ مختلف علوم سیکھنے کے ساتھ ساتھ ایک باکردار اور اچھے انسان بھی بنیں۔

یہ بات گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے  ایچی سن کالج میں احسن جاوید سائنس انوویشن سنٹر کا افتتاح  کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  گورنر پنجاب نے کہا کہ ایچی سن کالج ایک تاریخی اور قدیم تعلیمی درسگاہ ہے،یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں،ملک کی کئی نامور شخصیات نے اس ادارے سے تعلیم حاصل کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اساتذہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں کردار سازی پر ایک کنسورشیم قائم کیا ہے کیونکہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ہے اور تعلیم کے ساتھ تربیت ایک اہم جزو ہے، ایک صحت مند معاشرے کے قیام میں مثبت سوچ کے حامل نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ادارے میرٹ کی بالادستی سے بنتے ہیں،مسلم لیگ(ن)نے ہمیشہ اپنے ادوار میں تعلیمی ادارے بنائے اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ایسے درخشاں ستارے پیدا کریں جو علامہ اقبال کے افکار کے مطابق جرات مند اور اعلی اخلاقی اقدار کا نمونہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بہت سی مثبت چیزیں ہیں جنہیں اجاگر کرنے اور حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے نوجوانوں میں مثبت سوچ پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔

اس موقع پر پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن نے گورنر پنجاب کو احسن جاوید سائنس انوویشن سنٹر کا تفصیلی دورہ بھی کرایا۔  پرنسپل ایچی سن مائیکل تھامسن نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ بلڈنگ کو دور حاظر کے تقاضوں کے مطابق بنایا گیا ہے، تاکہ طلبہ کو جدید سائنس علوم آراستہ کیا جا سکے۔

 تقریب میں صدیق بھٹی،سید بابر علی،میاں احسن،میاں طلعت، طلبہ اور اساتذہ کی کثیر تعداد کی شرکت-