افریقی ملک چاڈ میں پاکستانی ڈاکٹروں کیجانب سے اندھے پن کے مفت آپریشن کا آغاز ،پہلے روز 100 آپریشن کیے گئے

8

اینجامینا(چاڈ)،24 مئی (اے پی پی ):کامسٹیک کی جانب سے افریقی ملک چاڈ جانے والی پاکستانی ڈاکٹروں کی ٹیم نے دارالحکومت اینجامینا میں اندھے پن کے مفت آپریشن کا آغاز کردیاہے ، آج پہلے روز اندھے پن کے  100 مفت آپریشن کیے گئے۔

یہ فری آئی کیمپ  اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذیلی ادارہ کامسٹیک، اسلامی ترقیاتی بنک اور لیٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ کے مشترکہ اشتراک سے لگایا جارہا ہے۔ اگلے چار روز میں میڈیکل ٹیم 400 سے زائد مفت آپریشن کرے گی  جبکہ چاڈ کے ڈاکٹروں کو موتیا بند کی سرجری کی جدید ترین تکنیکوں کی تربیت بھی دے گی۔ میڈیکل ٹیم مریضوں کے آپریشن کے بعد معائنہ بھی کرے گی اور نوجوانوں کو نابینا پن سے بچنے کے لیے آگاہی مہم کا آغاز بھی کرے گی۔

 کامسٹیک نے اسلامی ترقیاتی بنک کے تعاون سے مقامی اداروں میں ذیابیطس ریٹینوپیتھی اور گلوکوما سرجری میں 16 افریقی ماہرین امراض چشم کو دو سالہ خصوصی پوسٹ گریجویٹ تربیتی پروگرام فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ٹیم میں شامل ڈاکٹرز نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہمیں اس اقدام کا حصہ بننے پر فخر ہے اور ہم چاڈ کے لوگوں کی خدمت کے منتظر ہیں۔ٹیم کے ارکان نے کہا کہ  ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کرنا اور مقامی کمیونٹی پر مثبت اثر ڈالنا ہے۔ انہوں نے  کہا کہ یہ آئی کیمپ  او آئی سی کے سب سے کم ترقی یافتہ افریقی رکن ممالک میں لوگوں کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے کے لیے  کامسٹیک اور اس کے پارٹنرز تنظیموں کے  عزم کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

آنکھوں کا مفت کیمپ چاڈ کی وزارت صحت کے تعاون سے  اینجامینا کے مقامی ہسپتال میں لگایا  گیا ہے جبکہ تینوں اداروں نے پچھلے سال 2022 میں مشترکہ طور پر نائجر کے دارالحکومت نیامی میں بھی  ایک مفت آئی کیمپ کا انعقاد کامیابی سے کیا تھا۔پاکستان سے جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا میڈیکل مشن ہے جو جدید سہولیات سے لیس ہے۔