امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں پرعزم ہیں؛وفاقی وزیرخزانہ سینیٹراسحاق

3

اسلام آباد،26مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے  امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم  کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈبلوم سے ملاقات میں کہی۔وزیر خزانہ نے    امریکی سفیر کا خیرمقدم کیا ، پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں   گہرے تاریخی اور پائیدار دوطرفہ تعلقات  پرروشنی ڈالی۔وزیر خزانہ نے امریکی سفیرکو  مشکل معاشی صورتحال سے نمٹنے اور معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لیے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ترجیحات سے بھی آ گاہ کیا۔

فریقین  نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو اپنی قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے محصولات اور اخراجات سے متعلق حکومت کے  دانشمندی سے بنائے گئے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے  مختلف اقتصادی شعبوں کے بارے میں بھی امریکی سفیر کو آ گاہ کیا   جن میں دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔

 وزیر خزانہ نے   ڈونلڈ بلوم  کو آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے حکومت کے عزم کی یقین دہانی کرائی۔

  امریکی سفیر  نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے معاشی استحکام اور عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا۔امریکی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تعاون   کا اظہار بھی کیا۔

 وزیر خزانہ   نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم  کا اعادہ کیا۔