اسلام آباد،27مئی(اے پی پی):ایوان بالا سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے 9 مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو قانون اور آئین کے مطابق سزائیں ملنی چاہئیں، پاکستان کی سالمیت اور استحکام کیلئے مضبوط فوج ناگزیر ہے۔
ہفتہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ ذاتی طور پر ان کے لئے تکلیف دہ ہے کہ میرے خاندان کی چار نسلوں نے اپنی زندگی اپنے ملک وقوم کیلئے وقف کی۔ میرے دادا شہید ہوئے، میرے چچا عزیز بھٹی شہید ملک کے لئے لرتے رہے، میرے بھائی فوج میں خدمات سرانجام دیتے رہے ، اب ہماری اولادیں فوج میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان سے میرا تعلق ہے جہاں پہلا نشان حیدر ملا، پاکستان کو جو چیلنجز درپیش ہیں ، سالمیت کو جو خطرات درپیش ہیں اس کیلئے ایک مضبوط فوج ناگزیر ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی جغرافیائی اہمیت ہے۔ نامساعد حالات، معاشی تنگی کے باوجود پاک فوج کے ملکی سالمیت کیلئے قربانیاں دیں اور ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ بالا کوٹ کا واقعہ سب کے سامنے ہے کس طرح دندان شکن جواب دیا ۔
ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دنیا کو اتنی کامیابی نہیں ملی جتنی پاکستانی فوج کو حاصل ہوئیں وہ بے مثال ہیں۔ فوج کی مضبوطی ، پیشہ وارانہ استحکامکے ساتھ ساتھ فوج اور عوام کے درمیان رشتہ بھی اہم ہے کوئی ایسا بیانیہ جو اس کو کمزور کرے وہ ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ نا قابل قبول ہے ، اپنے گھر کو آگ لگا کر چراغاں نہیں کیا جاتا۔ آج ملک کو بڑے چیلنج درپیش ہیں یہ حالات اس کے متقاضی ہیں کہ اس بے یقینی اور افراتفری کو ختم کیا جائے۔
ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ایوان بالا وفاق کی علامت ہے، سنجیدہ اور معاملہ فہمی کے ساتھ ملک کو درپیش چیلنجوں سے نکالا جائے۔ بطور اپوزیشن لیڈر مجھ پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان مشکلات حالات میں اپنا پارلیمانی کردار ادا کروں، قانون ، آئین، ملک ، اداروں ، جمہوریت کیلئے بڑے مقاصد کیلئے ساتھیوں سے بھی تعاون کی امید ہے۔ شہدا اور غازیوں کے وارثوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔











