کوئٹہ06مئی(اے پی پی )آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کی زیر صدارت ہونے والے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کے اجلاس کے دوران خطاب میں انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ تما م ڈسٹرکٹ پولیس افسران اپنے اضلاع کی سطح پر امن وامان کی بہتر ی کےلئے سمارٹ پولیسنگ کی طرف جائیں ۔ مربوط رابطے کے ذریعے موثر انٹیلی جنس شیرنگ اور جدید سائنسی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر قسم کے جرائم کو انتہائی قلیل وسائل کے با جو د ختم کرنا ممکن ہے ۔ آئی جی بلوچستان نے افسران سے خطا ب کے دوران اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید سائنسی طریقوں سے ماضی کے واقعات کو پرکھتے ہوئے مستقبل کے پولیسنگ کے لئے لائے عمل مرتب کیا جائے تاکہ جرائم کے تناسب کو ختم کرنے میں مدد حاصل ہو سکے ۔ اجلاس میں تمام ضلعی افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والے جرائم اور ان کے تدارک کیلئے سفارشات پیش کیں ۔آئی جی بلوچستان نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔صوبے میں امن وامان کو قائم و دائم رکھنے کے لئے ہم سب نے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیر ا تنگ کیا جائے تاکہ صوبے میں امن و امان برقراررہے اور تما م اضلاع میںکمیونٹی پولیسنگ کے نظام کوبھی بہتر کیا جائے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا ہے کہ عوام اور پولیس کے مابین دوستانہ ماحول کو فروغ دینے اور نچلی سطح پر ان کے مسائل کے حل کے لئے پولیس دربار اورکھلی کچہریوں کا انعقا د کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس تھانوں اور پولیس لائن کا معائنہ تواتر کے ساتھ کر کے ان کی بہتری کے لئے موجودہ وسائل کو بروکار لایا جائے ۔دریں اثنا ءآئی جی پولیس بلوچستان اور ایڈیشنل آئی جی پولیس بلوچستان نے حال ہی میں ترقی پانے والے افسران کو ایس پی کے رینک بھی لگائے۔











