خیرپور؛سیلاب اور قدرتی آفات کے نتیجے میں امدادی سرگرمیوں میں خواجا سرا افراد کی شمولیت اور تحفظ کے عنوان پر تربیتی ورکشاپ منعقد

15

 

خیرپور،20مئی(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب اور قدرتی آفات کے نتیجے میں امدادی سرگرمیوں میں خواجا سرا افراد کی شمولیت اور تحفظ کے عنوان پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنا کی زیر صدارت منعقدہ ورکشاپ میں اے ڈی سی ظفر عباس عباسی، ڈاکٹر اقبال ، خواتین پولیس، وکلاءسمیت سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے افسران اور نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر میڈم فوزیہ حنیف نے سیلاب اور قدرتی آفات کے نتیجے میں امدادی سرگرمیوں میں خواجا سرا افراد کی شمولیت اور تحفظ کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے منظور شدہ قانون اور دیگر اقدامات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنا نے ورکشاپ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجا سرا ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں، صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی جانب سے ان کے حقوق کے لیے مرحلہ وار اقدامات پر عمل درآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجا سرا کمیونٹی کو دیگر افراد کی طرح برابری کے حق حاصل ہیں۔

 انہوں نے ورکشاپ میں شریک تمام افسران پر زور دیا کہ خواجا سرا کمیونٹی کو ہر سطح پر عزت و احترام اور اخلاق کے ساتھ ان کی مدد کرنا چاہیے تاکہ سماجی مسائل کے حل اور ان کو رلیف فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔

ورکشاپ کے موقع پر شرکاءمیں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔