پشاور،11مئی(اے پی پی):مشتعل اور پرتشدد مظاہرین نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان ) کی عمارت اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور ریڈیو پاکستان کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی اور بعد میں پوری عمارت کو آگ لگا دی۔
ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا کہ سینکڑوں کی تعداد میں پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر اچانک دھاوا بول دیا، ریڈیو پاکستان کے گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور نیوز روم سمیت مختلف سیکشنوں میں تباہی مچائی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پر گزشتہ روز بھی حملہ کیا تھا، آج دوبارہ حملہ کیا، توڑ پھوڑ کی، سٹاف پر تشدد کیا اور آگ لگائی۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر نے چاغی یادگار اور ریڈیو آڈیٹوریم کو بھی آگ لگائی، مختلف سیکشنوں میں آتشزنی سے ریکارڈ اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ ریڈیو پاکستان کی عمارت میں کھڑی گاڑیوں کو بھی آگ لگائی، سرکاری سامان لوٹ کر لے گئے جس میں کیمرے، مائیک اور دیگر دفتری ساز و سامان اور آلات شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کو روکنے کی کوشش پر عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، خواتین سمیت عملے کے ارکان پر بھی تشدد کیا گیا۔











