صوبائی وزیر ایس ایم تنویر سے ٹینریز ایسوسی ایشن دین گڑھ کے وفد کی ملاقات، پانی کی ٹرییٹمنٹ اور دیگر ایشوز پر بات چیت

39

 

لاہور، 27مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر سے ٹینریز ایسوسی ایشن دین گڑھ قصور کے وفد نے ہفتہ کو یہاں محکمہ تحفظ ماحولیات کے کمیٹی روم میں  ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں ٹینریز کے حوالے سے ماحولیات کے ایشوز پر بات چیت ہوئی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن ٹینریز انڈسٹری کے واٹر کی ٹرییٹمنٹ کا پلان دے، محکمہ تکنیکی معاونت دے گا۔انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کی روشنی میں تحفظ ماحولیات کے حوالے سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی نسل کو آلودگی سے پاک ماحول دینا سب کی ذمہ داری ہے، اس لئے ٹینریز کے پانی کی ٹرٹیمنٹ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے محکمہ تحفظ ماحولیات کی گائیڈ لائن پر عمل کیا جائے ۔انہوں  نے قصور میں ٹیوٹا کے ادارے کی رابطہ سڑک کی تعمیرومرمت مرمت کی یقین دہانی کرائی۔

وفد نے ٹینریز انڈسٹری کے واٹر کی ٹرییٹمنٹ کے نئے سسٹم اور انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں میاں شان الہی، حاجی مقصود احمد، میاں یوسف ثقلین، فضل الرحمن شیخ، میاں علی ارشد اور دیگر عہدیداران شامل تھے، سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحولیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان،ڈائریکٹر جنرل اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔