لاہور2مئی ( اے پی پی ): چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف سینسس کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں مکمل کوریج یقینی بنانے کیلئے پنجاب میں 15مئی تک مردم شماری کے کام پر مکمل توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ مردم شماری اہم قومی ذمہ داری ہے،مردم شماری کی کامیابی کا تمام تر انحصار درست ڈیٹا کے حصول پر ہے۔درست ڈیٹا وسائل کی تقسیم، مستقبل کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات نے کم گنتی والے 20ہزار بلاکس کی نشاندہی کی ہے۔ان بلاکس میں گنتی کا کام اگلے آٹھ روز میں مکمل کر لیا جائےاور انڈر رپورٹنگ کرنے والے شمار کنندگان سے باز پرس کی جائے، مردم شماری کے کام پر پیش رفت سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر بھجوائی جائے۔اس موقع پر ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ مکمل کوریج اورڈیٹا کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے مردم شماری کی تاریخ میں 15مئی تک توسیع کی گئی ہے۔ڈیٹا میں فرق دور کرنے کیلئے ڈویژنل کمشنرز کو تمام مطلوبہ معلومات فراہم کی جائے گی۔ ممبر سپورٹ سروسز ادارہ شماریات سرور گوندل نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مردم شماری کیلئے مکمل تعاون کی فراہمی قابل ستائش ہے،مردم شماری سے متعلق شکایات کیلئے کال سینٹر 0800-57574قائم کیا گیا ہے۔اجلا س میں پروونشل سینسس کمشنر علی بہادر قاضی تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔











