لاہور،10مئی(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت آج وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں شر پسند عناصر کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیااور میانوالی میں بھی امن عامہ کو قائم رکھنے کے لئے فوج طلب کرلی گئی ہے۔
اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ حساس مقامات کی سکیورٹی مزید بڑھائی جائے گی اور شر پسندوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمے درج ہوں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز اگلے دو روز بند رہیں گے تاہم میڈیکل کالجز کھلے رہیں گے جبکہ سکول بند یا کھلے رکھنے کا فیصلہ آج رات تک کیاجائے گا۔
نگران وزیراعلی محسن نقوی نے جلا گھیرا ئوکے واقعات میں املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ ریاست پاکستان پر حملہ آور ہر شر پسند کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور سرکاری و نجی املاک پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہوگی۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور امن و امان قائم رکھنے کیلئے ضروری اقدام کریں گے۔
اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نگران وزیراعلی محسن نقوی کو گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعات کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے ہنگامہ آرائی، جلا گھیرا اور پولیس پر حملوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔











