پشاور،10مئی(اے پی پی):مشتعل اور پرتشدد مظاہرین نے بدھ کے روز پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان ) کی عمارت پر دھاوا بول دیا اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور ریڈیو پاکستان کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی اور بعد میں پوری عمارت کو آگ لگا دی۔
مظاہرین نے ریڈ زون میں واقع عمارت کے مین گیٹ کو توڑا اور پہلے گیٹ پر تعینات پولیس اور سیکورٹی عملے پر حملہ کیاانہوں نے احاطے میں کھڑی گاڑیوں کو تباہ کیااور پھر چار منزلہ عمارت کا رخ کیا جہاں پی بی سی اور اے پی پی کے دفاتر واقع تھے اور عملہ ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔
پرتشدد ہجوم نے اے پی پی اور پی بی سی کے عملے کو ہراساں کیا، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، موبائل فون، ٹیلی فون سمیت قیمتی چیزیں اپنے ساتھ لے گئے، دفاتر میں توڑ پھوڑ کی اور پھر پوری عمارت کو آگ لگا دی۔حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم آگ میں پھنسے پی بی سی کے اہلکار نے عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی جس سے اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہجوم کو منتشر کیا۔
دو دنوں میں پی بی سی اور اے پی پی کے دفاتر پر پرتشدد ہجوم کا یہ دوسرا حملہ تھا۔ اس سے قبل انہوں نے اسی عمارت کے احاطے میں چاغی پہاڑ کے ماڈل کو بھی نذر آتش کیا تھا۔











