لاہور،27مئی(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا 23 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اتھارٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اوربہاولپور، لودھراں سپیڈو بس سروس کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی جبکہ بہاولپور، لودھراں بس سروس کیلئے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ذریعے پرائیویٹ کنٹریکٹر کی خدمات حاصل کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔
نگران وزیراعلی نے بہاولپور شہر میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس میں میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سٹیشنز کیلئے بزنس ماڈ ل کی اصو لی منظوری دی گئی -میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سٹیشن پر سٹال، شاپس، اے ٹی ایم اور وینڈنگ مشینیں نصب کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیاجبکہ سٹیشنز اور روٹ پر ڈیجیٹل سٹیمر، گلاس بورڈ اور دیگر اشتہارات کے دیگر ٹولز متعارف کرانے پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں اسلام آباد، راولپنڈی میٹروبس سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ سفر کی فراہمی ترجیح ہے۔
چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام اور اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔











