کوئٹہ،19مئی(اے پی پی):بلوچستان کے وزیر معدنیات مبین خان خلجی نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوےکوئٹہ شہرسے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر معدنیات مبین خان خلجی نے کہا کہ کسی دباؤ میں نہیں بلکہ ملکی سلامتی کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کے کونسلران حاجی بشیر،شفیق بھٹی ، حاجی اختر اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں ، ایسے واقعات قابل قبول نہیں۔
وزیر معدنیات مبین خان خلجی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے یادگار شہداء، جناح ہاؤس سمیت فوجی وسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی توقع نہیں تھی کیونکہ ملک ہے تو ہم ہیں، اس لیےپاکستان کی سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتا نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کے مشورے کے بعد ہم پاکستان تحریک انصاف سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔











