کوہلو؛ یوم تکبیر پر ڈگری کالج میں تقریب ، شرکاءکا محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان مرحوم کو خراج عقیدت پیش

24

 

کوہلو،28 مئی (اے پی پی ): کوہلو میں یوم تکبیر کی مناسبت سے ڈگری کالج کوہلو میں یوتھ فورم کی جانب سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں قبائلی و سیاسی رہنماؤں، عمائدین اور سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اس دن پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے آیا ہے ،پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جو ملکی دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 28 مئی کو پورے ملک میں جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے یوم تکبیر ہمیں اس عظیم الشان دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکے کے جواب میں 28 مئی 1998 کو 6 ایٹمی دھماکے کیے اور پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع اور ایٹمی اثاثے مضبوط ہاتھوں میں ہیں اور دشمن ملک خدا داد کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دشمن کا مقابلہ کرے گی ،پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جس کی تعمیر و ترقی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔