ہرنائی،17 مئی (اے پی پی):ہرنائی کے پہاڑی سلسلوں میں بارش ،ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے سے ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ کٹ گیا ،ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ گزشتہ دو ماہ سے مختلف مقامات پر سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے باعث بند تھی جبکہ ہرنائی کوئٹہ شاہراہ بھی سیلابی صورتحال اور زردالو ندی پر رابطہ پل نہ ہونے کے باعث ٹریفک کےلئے مکمل طور پر بند ہے جس کی وجہ سے ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ کٹ گیا ہے ،پہاڑی سلسلوں میں سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ب
لوچستان گڈزٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر شین خان ترین ، سبزی منڈی یونین کے ترجمان عبدالحق میانی نے ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ کٹ جانے اور قومی شاہراہوں کی خستہ حالی کے حوالے سے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ ہرنائی سنجاوی کے درمیان طورخان تنگی کے مقام پر ایک بار پھر بند ہے ۔انہوں نے کہاکہ شاہراہ کی بندش کے باعث زمینداروں ،کوئل مائنز اونرز، تاجروں،ٹرانسپوٹروں کو کروڑوں روپوں کا نقصان ہورہا ہے ۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف ،وزیراعلی بلوچستان ، چیف سیکرٹری بلوچستان ، سینئر صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ ،پارلیمانی سیکرٹری محترمہ لیلی ترین، صوبائی وزیر موصلات سے اپیل کی ہے کہ قومی شاہراہوں کی بحالی اور تعمیر ومرمت ہنگامی بنیادوں پر شروع کی جائے ۔











