اتحادی حکومت نے اس بجٹ میں فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو مذید مہنگائی کی چکی میں پسنے نہیں دینگے؛مرتضی جاوید عباسی

14

ایبٹ آباد،18جون(اے پی پی):.وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے اس بجٹ میں فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو مذید مہنگائی کی چکی میں پسنے نہیں دینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  وزیر اعظم یوتھ ٹیلینٹ ہنٹ فٹبال کے ٹرائلز کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

پارلیمانی وزیر نے کہا کہ گزشتہ نو سال میں خیبر پختونخوا میں جس کی حکومت تھی ان کے منشور میں شامل تھا کہ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کھیل کے میدان بنائیں گے لیکن نئے گراؤنڈ تو دور کی بات ایبٹ آباد میں جو گراونڈ ہیں وہ بھی بند کر دیئے گئے ہیں ۔

وفاقی وزیرمرتضی جاوید نے کہا وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں ہے،نوجوانوں  کو بیرون ملک سے کوچز تربیت دیں گے اور ان کو بیرون ملک کھیلنے کے مواقع ملیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے بجٹ میں 135 ارب تعلیم کے لئے مختص کئے ہیں اگر ہم درسگاہوں اور تعلیمی اداروں پر توجہ نہیں دینگے تو نوجوان لوگوں کے گریبان پکڑیں گے، اگر تعلیم کے زیور سے ان کی تربیت ہوئی تو یہ ملک کے محافظ بنیں گے۔

وفاقی وزیرمرتضی جاوید نے کہا کہ پہلی مرتبہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے لئے حکومت نے نوجوانوں کو گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے وسائل نوجوانوں پر وقف کرنا ہوں گے، پاکستان کی آبادی میں 60 فیصد نوجوان ہیں ۔

مرتضی جاوید عباسی کا کہنا تھا ماضی جو نااہل قیادت مسلط رہی ان کو ووٹ کی طاقت سے سیاست سے باہر کردیں ایسی قیادت کو لائیں جو لوگوں کی خدمت کا درد رکھتی ہو۔انہوں نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ ایبٹ آباد میں کالج گراؤنڈ ،کنج گراؤنڈ ،پولیس لائن گراونڈ کو نوجوانوں کے لئے کھولنے کے لئے وزیر اعلی سے بات کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آرگنائزر کی جانب سے مہمان خصوصی وفاقی وزیر کو یادگاری شیل بھی پیش کی گئی۔

تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس شبانہ خٹک ،مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک محبت اعوان ،خواتین ونگ کی ڈویژنل صدر شائستہ جدون کے علاوہ ضلع اور تحصیل کے عہدیداران بھی موجود تھے۔