اسلام آباد میں بارشیں ، ڈپٹی کمشنر کی انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت

8

اسلام آباد،یکم جون(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کی خصوصی ہدایت پر بارش کے باعث مختلف علاقوں میں اسلام آباد ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی ہے کہ اسلام آباد میں آنے والے دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں، جس کے پیشِ نظر اسسٹنٹ کمشنرز کو ریسکیو ایم سی آئی کے عملے کے ہمراہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔

 ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کا مزید کہنا ہے کہ پیشگی اقدامات کی بدولت اس وقت ای الیون ، جی نائن ، ایچ تیرہ، آئی نائین ،ایف سیون اور جی سیون کی کچی آبادی سے گزرنے والے نالوں میں پانی کی سطح نارمل اور کنٹرول میں ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اور ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ڈی واٹرنگ سیٹس موجود ہیں جہاں کہیں سے شکایات موصول ہوں گی وہاں یہ ایکٹ کیا جائے گا۔