اوکاڑہ: جسٹس سسٹم کی بے توقیری سے معاشرے تباہ ہوتے ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی

3

اوکاڑہ،07جون (اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے اوکاڑہ کا دورہ کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کاڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد کلیم خاں نے ہمراہ دیگر ججز کے جوڈیشل کمپلیکس پہنچنے پرتپاک استقبال کیا، جسٹس محمد امیر بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر بار نے جو مطالبات کیے ہیں ان میں سے جو اختیار میں ہوئے وہ پورے ہوجائیں گے ، جہاں صوبائی اور وفاقی حکومت کا معاملہ ہوگا انکو لکھیں گے، وکلا کے لئے کالونی کے حوالہ سے کئے گئے مطالبہ پر غور کیا جائے گا۔ پنجاب کی بارز میری ذمہ داری ہے کسی بھی بار کا مسئلہ ہوتا ہے تو ترجیح پر حل کراتے ہیں، بارز کی ذمہ داری ہائیکورٹ پر ہے جو پوری کرنے کی کوشش جارہی ہے ،بار اور بینچ ملکر جوڈیشل سسٹم مضبوط کرسکتے ہیں، جسٹس سسٹم کی بے توقیری سے معاشرے تباہ ہوتے ہیں، جسٹس سسٹم قائم رہے گا تو ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور امان اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ذیشان حنیف سمیت ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اوکاڑہ محمد کلیم خاں نے چیف جسٹس محمد امیربھٹی اور ججز کو ڈسٹرکٹ کورٹس اوکاڑہ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ مسٹر جسٹس فیصل زمان نے ڈسٹرکٹ کورٹس اوکاڑہ کے لان میں پودا بھی لگایا،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی زیر صدارت اجلاس میں چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے جوڈیشل افسران اور عملے کے مسائل سنے۔