بامقصد اور معیاری تعلیم ہی ملک کی ترقی کی ضامن ہے، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد

51

اسلام آباد،13جون  (اے پی پی):چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ بامقصد اور معیاری تعلیم ہی ملک کی ترقی کی ضامن ہے، طلباء کو اپنی عملی زندگی میں ملک اورمعاشرے کی تعمیر کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ منگل کو وہ ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے 16 ویں ڈگری ایوارڈ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ آج میرے سامنے طلباء کی صورت میں میرے ملک کا مستقبل بیٹھا ہوا ہے، انہیں یہاں پہنچانے میں ان کے والدین اور اساتذہ کا اہم کردار ہے، انہیں چاہئے کہ وہ والدین اور اساتذہ کے احسانات کا بدلہ چکانے کیلئے ان کی عزت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 10 سے 12 فیصد آبادی اعلیٰ تعلیم تک پہنچ سکتی ہے اور وہ بہت خوش قسمت ہیں کہ ان کا شمار آج ان چند فیصد لوگوں میں سے ہے۔ ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ان کیلئے یہاں آنا انتہائی فخر کی بات ہے، ہمدرد یونیورسٹی کا شمار ملک کے اہم تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے، یونیورسٹی کے قیام میں حکیم سعید کا ایک وژن تھا۔

 انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ اسلام آباد کیمپس جب بنا تو اس کے ابتدائی دنوں میں انہوں نے بھی اس میں اپنا کردار ادا کیا۔ ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس ابتدائی طور پر مارگلہ روڈ کی ایک کوٹھی میں بنایا گیا تھا اور مجھے خوشی ہے کہ آج اس کی ایک شاندار عمارت ہے اور ایک بڑی تعداد میں طالب علم یہاں زیر تعلیم ہیں۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ معاشرتی طور پر ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اپنے چھوٹے چھوٹے مفادات کی خاطر ہم نے اپنے آپ کو علاقائیت اور فرقہ واریت میں بانٹ رکھا ہے، ہمیں ایک قوم بننا ہو گا۔انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آؤ ہم اپنے حصے کا ایک چراغ جلاتے ہیں تاکہ اس ملک کو روشن کیا جا سکے۔قبل ازیں اسلام آباد کیمپس کے 988 طلباء میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ہمدرد یونیورسٹی کی چانسلر سعدیہ راشد اور وائس چانسلر سینیٹر حسیب بھی موجود تھے۔ اسلام آباد کیمپس کے ڈائریکٹر جنرل امتیاز خٹک نے اسلام آباد کیمپس کے شعبوں فیکلٹی اور اغراض و مقاصد تفصیل سے بیان کئے۔ تقریب میں طلباء، والدین، اساتذہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔