بینظیر کفالت اور بینظیر تعلیمی وظائف کی اقساط کی تقسیم کا آغاز

19

اسلام آباد، 19 جون (اے پی پی ):بینظیر کفالت   اور  بینظیر تعلیمی وظائف   کی اقساط    کی تقسیم کا   آغاز   ہو گیا ہے ۔بینظیر کفالت  پروگرام کے تحت مالی سال 23-2022 کی چوتھی سہ ماہی قسط  کی  تقسیم آج   سے شروع  ہو گئی ہے ۔ 90 لاکھ مستحقین کو 9000 روپے فی خاندان کے حساب سے 81 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔حکومت   کی جانب سے  اس سال کے شروع میں بینظیر کفالت وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔

بینظیر تعلیمی وظائف  کی جنوری تا مارچ کی  قسط کی تقسیم   بھی آج سے شروع  ہو گئی ہے ۔پروگرام کے تحت  16 ارب روپے کے   تعلیمی وظائف  سکول جانے والے  6.7 ملین طلباء میں  تقسیم کیے جائیں گے ۔جن بچوں کی حاضری 70 فیصد سے زائد ہے ان کی مائیں یہ وظیفہ ضرور حاصل کریں۔

پرائمری سطح پرطالبات کو 2000 روپے جبکہ طلبہ کو 1500 روپے ،  سیکنڈری سطح پر طا لبات کو   3000  اور طلبہ  کو   2500 روپے،  ہائر سیکنڈری سطح پر طالبات کو  4000 اور طلبہ  کو  3500 روپے  ادا کئے جائیں  گے ۔

عوام کے سہولت کے لئے وظائف کی  ادائیگی ملک بھر میں خصوصی طور پر قائم کردہ 1559 کیمپ سائٹس سے کی جا رہی ہے۔ اس دفعہ ایچ بی ایل اور بینک الفلاح کے اے ٹی ایم کے ذریعے ادائیگی کی فراہمی دستیاب نہیں ہوگی۔

کیمپ سائٹس کے ذریعے وظیفے کی تقسیم کا  مقصد  مستحقین کو سہولت فراہم کرنا اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔بی آئی  ایس پی   کی جانب سے مستحقین کو   پوری رقم وصولی کے  ساتھ  رسید  لینے کی ہدایت  کی گئی ہے ۔متعلقہ حکام کو سخت نگرانی اور چوکسی کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایات  جاری  کی گئی ہیں ۔کسی بھی شکایت کیلئے  فری ہیلپ لائن 080026477 پر اطلاع کریں۔