عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے؛ گورنر پنجاب

27

لاہور،19جون  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن  نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح  و بہبود اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ ملک کو اس وقت معاشی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لئے حکومت بھر پور کوشش کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال   سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے  پیر کو  یہاں گورنر ہائوس لاہور  میں   گورنر  پنجاب سے ملاقات  کی۔ ملاقات  میں  ملکی سیاسی صوتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع  پر گفتگو کرتے  ہوئے گورنر  پنجاب محمد بلیغ الرحمن  نے کہا کہ  مسلم لیگ(ن)نے اپنے سابقہ  ادوار میں مہنگائی کو ختم کرنے  پر خصوصی توجہ دی اور ان ادوار میں مہنگائی کی شرح  بہت کم تھی۔ اب بھی حکومت کی دانشمندانہ  پالیسیوں کے باعث ملک کے معاشی حالات میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے، وفاقی حکومت  نے مشکل معاشی صورتحال کے  باوجود بہت اچھا اورعوام دوست بجٹ  پیش کیا ہے، حکومت کا حالیہ بجٹ میں کسانوں کے لیے قرضے اور  پیکجز کا اعلان  احسن اقدام ہے۔انہوں  نے مزیدکہا کہ اس دفعہ گندم کی اچھی منافع  بخش فصل کسی نعمت سے کم نہیں۔

 گورنر پنجاب نے اس موقع  پر یونان میں ہونے والے کشتی حادثے  پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سانحہ ہے اور جن کے پیارے اس حادثے میں جاں بحق ہو ئے  اور  وہ جس اذیت  و  کرب سے گزر رہے ہیں وہ ناقابل بیان  ہے۔

 گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن    نے کہا کہ یہ ایک المناک واقعہ ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں میری دعائیں اور تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو  یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی قیادت اور کارکنان  نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)انشا اللہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔