تھرپارکر؛حالیہ بارشوں سے شہروں میں جمع ہونے والے پانی کی نکاسی شروع،طبی کیمپس قائم

12

تھرپارکر،18جون(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لعل ڈنو منگی نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں حالیہ بارشوں سے شہروں میں جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تھرپارکر کے شہر مٹھی ،اسلام کوٹ ،ڈیپلو سمیت دیگر علاقوں سے پانی نکالا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سمیت ضلع انتظامیہ تھرپارکر عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

 ڈپٹی کمشنر لعل ڈنو منگی نے کہا کہ حالیہ تیز طوفانی بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پانی کے نکاسی سمیت وٹنری کیمپس اور طبی امداد فراہم کرنے کے لیے طبی کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے، جو تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں قائم کی گئی ہیں، جہاں عوام کو طبی امداد دینے سمیت مویشی کا مفت علاج کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑینگے. ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تھرپارکر میں  14 جون سے 17 جون 2023 رات 12 بجے تک ضلع تھرپارکر کے تمام تعلقوں میں  محکمہ موسمیات کے مطابق تعلقہ مٹھی 196 ملی میٹر، تعلقہ اسلام کوٹ 173 ملی میٹر، تعلقہ ڈیپلو 175 ملی میٹر، تعلقہ کلوئی 80 ملی میٹر، تعلقہ چھاچھرو 110 ملی میٹر، تعلقہ ڈاھلی 39 ملی میٹر اور تعلقہ نگرپارکر 350 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔