لاہور13 جون ( اے پی پی )صوبائی وزیر صنعت وتجارت وتوانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس کے دوران کپاس کی فصل کی مینجمنٹ سے متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا اور جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے اس موقع پر کہا کہ جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ملاوٹ مافیا کو کسی صورت پنجاب کی زراعت بالخصوص کپاس کی فصل تباہ نہیں کرنے دیں گے۔کپاس کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھنے والی کپاس کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ملکر کام کریں گے۔سیکرٹری زراعت افتخار علی سہوہ، ڈی جی ایکسٹینشن زراعت،ترقی پسند کاشتکار، خالد محمود کھوکھر،ڈاکٹر محمد انجم، پرویز اختر ماہنی اور محکمہ زراعت کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔











