دنیا میں ترقی یافتہ ممالک نے تعلیم کی بدولت کامیابی کی منازل حاصل کیں۔ڈاکٹر جمال ناصر

18

لاہور، 7 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ علم کی تبلیغ سب سے بڑی عبادت ہے۔قران پاک کی پہلی آیت بھی علم کے حصول پر اتری۔ دنیا میں ان ممالک نے کامیابی و کامرانی کی منازل حاصل کیں جنہوں نے تعلیم کو اولین ترجیح بنایا۔ صوبائی وزیر صحت نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور میں حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالہ سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریکٹر یو سی پی ڈاکٹر نصر اکرام اور ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر مہتاب خان نے وزیر صحت کا استقبال کیا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت پر فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے سٹوڈنٹس کے تیارکردہ پوسٹرز دیکھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں اللہ رکھا اور حفاظتی ٹیکہ جات کے موضوع پر تیار کردہ تھیٹر پلے بھی دیکھا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سٹوڈنٹس نے پوسٹرز اور ڈرامہ میں حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت احسن انداز میں اجاگر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کا تیارکردہ پیغام سوشل میڈیا پر پھیلایا جائے گا۔ڈاکٹر جمال کا کہنا ہے کہ  5 سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کے ذریعے 12 مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے اپیل کی کہ یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس حفاظتی ٹیکہ جات کا پیغام عوام تک پہنچانے میں محکمہ صحت کا ہاتھ بٹائیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے تھیٹر پلے اور پوسٹرز تیارکرنے والے سٹوڈنٹس میں شیلڈز اور کیش پرائز تقسیم کئے۔ریکٹر یو سی پی ڈاکٹر نصر اکرام نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کو شیلڈ پیش کی۔بعدازاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے ڈبلیو ایچ او پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالا کے ہمراہ شامکے بھٹیاں میں EPI سنٹر کی تزئین و آرائش کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ ای پی آئی سنٹر کی ریفربشمنٹ (refurbishment) سے ہیلتھ سروس ڈیلوری میں بہتری آئے گی۔عالمی ادارہ صحت نے 17کروڑ 80لاکھ روپے کی لاگت سے 296 EPI سنٹرز کی تزئین و آرائش پہلے مرحلے میں مکمل کی ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ساڑھے 13 کروڑ روپے کی لاگت سے 135 ای پی آئی سنٹرز کی ریویمپنگ کی جارہی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے عالمی ادارہ صحت کے بھرپور تعاون پر ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالا نے کہا کہ پاکستان بھر میں اب تک 2096 ای پی آئی سنٹرز کی تزئین و آرائش مکمل کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او پنجاب میں ہیلتھ فیسلیٹیز کے معیار کو بہتر بنانے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان، ڈی ایچ او لاہور ڈاکٹر زاہد بھی موجود تھے۔