راولپنڈی،29جون(اے پی پی):ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی عید الاضحٰی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی ، راولپنڈی شہر میں عید کے بڑے اجتماعات مرکزی جامع مسجد حنفیہ، عیدگاہ ، جامعہ اسلامیہ صدر ، جامعہ رضویہ ضیاء العلوم سیٹلائیٹ ٹاؤن ، جامعہ سراجیہ اصغر مال ، جامع مسجد احاطہ فضل الہیٰ صدر ، جامع مسجد چونگی نمبر 22 میں منعقد ہوئے جس میں امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی، ترقی و خوشحالی بالخصوص ملک کی سلامتی اور امن کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
عید کے خطبات میں علمائے کرام نے حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ علمائے کرام نے ملک کے مختلف حصوں میں تخریبی کارروائیاں کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے شہداء کے لیے دعا بھی کی۔
آر پی او سید خرم علی ، کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ، سی پی او سید خالد ہمدانی، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ اور دیگر سینئر افسران و اہلکاروں نے عید الاضحٰی کی نماز پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز جامع مسجد میں ادا کی۔نماز کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، مسلم امہ کی سلامتی اور شہداء پولیس کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام نے بکروں، دنبوں، بیلوں اور اونٹوں کی قربانی دے کر سنت ابراہیمی علیہ السلام ادا کی اور حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کی۔
دینی مدارس اور فلاحی و دینی تنظیموں اور اداروں کی طرف سے اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا، بعض علاقوں میں اجتماعی قربان گاہیں قائم کی گئی تھیں جبکہ قربانی کے جانور ذبح کرنے اور گوشت کی تیاری کے لئے قصابوں کی چاندی رہی جو منہ مانگی ’’اجرت‘‘ وصول کرتے رہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عید الاضحٰی کے تین دن آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے چار ہزار سے زائد صفائی کا عملہ تعینات کیا گیا ، آلائشوں کی صفائی کے لیے 24 گھنٹے آپریشن جاری رہے گا اور شہری صفائی کے عملہ نہ پہنچنے پر کنٹرول روم میں شکایت درج کر سکیں گے۔
عیدالضحیٰ کے موقع پر ملک کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے، عید کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان کے تحت تقریباً 2500 پولیس اہلکار اور کمانڈوز مصروف سڑکوں، بازاروں، شاپنگ سینٹرز، قبرستانوں، مساجد، عیدگاہوں، امام بارگاہوں اور پکنک پوائنٹس پر تعینات کیے گئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلع بھر کے شہریوں کو طبی سہولت کے علاوہ فوری ریلیف اور ریسکیو خدمات فراہم کرنے کے لیے ہائی الرٹ رہیں، 400 سے زائد ریسکیورز نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم اور ایمرجنسی ریسکیو سٹیشنوں پر خصوصی فرائض انجام دیئے جبکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینسز، فائر فائٹنگ وہیکلز، ریسکیو وہیکلز، واٹر بوزر اور خصوصی گاڑیاں موجود تھیں۔











