سیالکوٹ۔10جون (اے پی پی):سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈاور ریسکیو 1122 کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے،سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈاور ریسکیو 1122 کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے ہیں،باہمی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان ، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو سروس پنجاب ڈاکٹر رضوان، سینئر پارلیمنٹیرین محمد منشاء اللہ بٹ ، چیئرمین سیال مسعود اختر خواجہ ، وائس چیئرمین چودھری محمد سرفراز بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن چیمہ، ڈویژنل ریسکیو انچارج سید کمال عابد اور ڈی او ایمرجنسی سروسز نوید اقبال کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی،سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے ریسکیو 1122 کو 2ہیوی ڈیوٹی کریش ٹنڈر (فائر فائٹنگ ٹرک) کاتحفہ بھی دیا گیا جبکہ کشمیر روڈ پر 2کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل ریسکیو اسٹیشن تعمیر کرکے دینے کا بھی وعدہ کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے ماڈل ریسکیو اسٹیشن کی تعمیر اور 2 ہیوی ڈیوٹی کریش ٹنڈر(فائر فائٹنگ ٹرک) دینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کے تعاون سے ریسکیو 1122کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل شہر ہے اور اپنے سائز کے مطابق یہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری صنعتوں میں حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے انتظامات تسلی بخش نہیں لہٰذا اسں اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ریسکیو 1122 نئی اور پرانی کثیر المنزلہ فیکٹریز اور کمرشل عمارتوں میں ایمرجنسی ایگزٹ اور فائر فائٹنگ کیلئے آلات کی تنصیب کیلئے اقدامات کررہے ہیں، بلا شبہ ان اقدامات سے پراجیکٹ کی لاگت بڑھ جاتی ہے لیکن کسی بھی حادثہ کی صورت میں نقصان کم سے کم ہوتا ہے۔ ڈی جی ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نے کہا کہ ریسکیو1122 عوام کی خدمت کے لئے 24گھنٹے کوشاں ہیں،سیال کی جانب سے فائر لاریوں کی فراہمی اور ریسکیو اسٹیشن کی تعمیر کا اعلان اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اس ادارے میں عوام کو مکمل اعتماد ہے اور ایمرجنسی خدمات کے معیار میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ آخر میں سینئر پارلیمنٹرین محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ ریسکیو 1122کے جوان دن رات عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں اور دوسرے ریاستی اداروں کیلئے قابل تقلید مثال ہیں،وطن عزیز مضبوط اور ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے ہمیں خلوص اور ایثار سے اپنے فرائض منصبی انجام دینے ہونگے۔











