شعبہ تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے طرز تدریس اور امتحانی نظام میں تبدیلی لانا ہوگی؛ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان

31

لاہور،23 جون (اے پی پی): چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ شعبہ تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے طرز تدریس اور امتحانی نظام میں تبدیلی لانا ہوگی۔ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے دانش سکولز اتھارٹی اور آغا خان یورنیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے  پنجاب دانش سکولز اتھارٹی اور آغا خان یورنیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کے زیر اہتمام دانش سکولوں میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے شروع کئے گئے مڈل سکول پروگرام کی کامیابی سے تکمیل کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے   خطاب میں کیا۔

چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ آغا خان یورنیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کے مڈل سکول پروگرام کا مقصد دانش سکولوں میں زیر تعلیم طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں کی جانچ اور انہیں اجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے دانش سکولوں کوایک ماڈل کے طور پر شروع کیا گیا تھا جہاں کم وسیلہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹرپنجاب دانش سکولز اتھارٹی احمر ملک نے کہا کہ رواں سال بھکر، تونسہ میں دانش سکول جبکہ چکوال اور پیر محل میں سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 12دانش سکولوں میں اس وقت 20ہزار سے زائد طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں اور ان طلبہ کو معیاری تعلیم کیساتھ کھانے، یونیفارم،رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آغا خان یونیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کے مڈل سکول پروگرام سے دس ہزار طلبہ مستفید ہوئے ہیں۔

 سیکرٹری سکولز ایجوکیشن احسن وحید اور آغا خان یورنیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کے سی ای او شہزاد جیوا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب کے آ خر میں چیف سیکرٹری نے دانش سکولوں کے پرنسپلز اور پروگرام کوآرڈینیٹرز میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔