قربانی کے جانوروں کیلئے شرقی غلہ منڈی تتلے عالیٰ روڈ نوشہرہ ورکاں میں سیل پوائنٹ قائم

77

نوشہرہ ورکاں، 19 جون ( اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر و  ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی محمد نوید حیدر نے کہا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے شرقی غلہ منڈی تتلے عالیٰ روڈ نوشہرہ ورکاں میں سیل پوائنٹ قائم کیاگیاہے تاکہ عیدالاضحی کے لئے عوام الناس قربانی کے جانور باآسانی خرید کرسکیں۔

 ان خیالات کااظہار اسسٹنٹ کمشنر و  ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی   نوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر نے سیل پوائنٹ پر انتظامات کے حوالہ سے متعلقہ محکموں کے نمائندوں سے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پوائنٹ پر بیوپاریوں، خریداروں  اور قربانی کے جانوروں کی ضروریات کے پیش نظر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی،جن میں پینے کا صاف و ٹھنڈا پانی، صفائی ستھرائی، بجلی، پنکھے وغیرہ شامل ہیں۔

محمد نوید حیدر نے کہا کہ  پوائنٹ پر محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ابتدائی طبی امداد کیلئے کاؤنٹر قائم کیاجائے گا جبکہ جانوروں کی ویکسین اور علاج معالجہ کیلئے بھی عملہ موجود ہوگاجو تمام سہولیات مفت فراہم کرے گا۔جانوروں کیلئے صاف پینے کا پانی اور سایہ دار جگہ بھی مہیا کی جائے گی۔ٹریفک کنٹرول کرنے اور پارکنگ کے انتظامات کیلئے ٹریفک پولیس کا عملہ ڈیوٹی سرانجام دے گا۔ سیل پوائنٹ پرمتعلقہ محکموں کے اہلکاردوشفٹوں میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ سیل پوائنٹ کے علاوہ دیگر مقامات پر جانوروں کی خرید و فروخت ممنوع ہے، خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کے کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔