اوکاڑہ،19جون(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہاہے کہ ضلع کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے میں ضلعی امن کمیٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ علما و مشائخ نے محبت ،رواداری ،اخوت و یگانگت اور بھائی چارہ کی فضا کو پروان چڑھانے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ سماج سدھار میں بھی اس جذبہ لگن اور محنت سے متحد ہو کر کام کریں تاکہ لوگوں کی زندگی میں آسانی آئے اور ہم مل جل کر ایک بہتر معاشرہ کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الا ضحی کی تیاریوں کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبران ضلعی امن کمیٹی سمیت تمام وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکموں کے سر براہان نے شرکت کی۔
اس موقع پر ممبران امن کمیٹی نے ضلع میں اتفاق و اتحاد کی فضا کو برقرار رکھنے اور اتحاد و یگانگت کے معاملات کو آگے بڑھانے پر ضلعی انتظامیہ کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع اوکاڑہ کی بہتری عوام کی فلاح و بہبود اور ضلع میں اتفاق واتحاد کی فضا کو مزید پروان چڑھانے کے لئے ہر احسن قدم کی نہ صرف تحسین کی جائے گی بلکہ انتظامیہ کی ہر سطح پر معاونت بھی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عید الاضٰحی کے موقع پر اپنے شہروں اور قصبات کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔ ممبران امن کمیٹی علماءو مشائخ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کی ان کاوشوں میں معاونت کریں۔انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو صفائی ستھرائی ،آلائیشوں کو بلدیاتی اداورں کی طرف سے فراہم کئے گئے شاپر وں میں آلائشوں کو ڈال کر گھروں کے باہر رکھنے کے سلسلہ میں آگاہی دیں تاکہ ان آلائشوں کو محفوظ انداز میں تلف کیا جا سکے ۔











