لاہور، 29جون(اے پی پی): آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے نمازِ عید پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں افسران اور جوانوں کے ساتھ ادا کی۔
ڈی آئی جی(آپریشنز ) علی ناصر رضوی، ایس ایس پی(آپریشنز) صہیب اشرف و دیگر سینئر پولیس افسران نے بھی نمازِ عید کی سعادت حاصل کی۔ سی سی پی او لاہور نے نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد افسران اور اہلکاروں سے عید ملی اوریادگارِ شہداء پر حاضری دی۔
اس موقع پر سی سی پی او لاہور نے وطن ِ عزیز کی سلامتی، امن اور استحکام کیلئے دعا کی۔ انہوں نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداء اور ان کے اہل ِخانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس عید الاضحی کے اس پر مسرت موقع پر شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہے، عید الاضحی پر لاہور پولیس نے فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اور جامع اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے جوان اپنی ڈیوٹی پر عزم حوصلے، جوانمردی، مستعدی اور قومی جذبے سے سرشار ہوکر انجام دے رہے ہیں۔
اے پی پی /لاہور/قرۃالعین











