اسلام آباد،19جون (اے پی پی):مشیر وزیرِ اعظم برائے قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ لوک ورثہ کا قومی ادارہ پاکستان کی ثقافت کوفروغ دینے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ روزہ ثقافتی میلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو پیر کو شکرپڑیاں کے اوپن ایئر تھیٹر میں اختتام پذیر ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ لوک میلے کے انعقاد کا مقصد پاکستان بھر کے مایہ ناز ہنر مندوں اور لوک فنکاروں کو اپنے مختلف پروگراموں کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام دستکاروں اور فنکاروں کی قومی تعمیر و ترقی میں کردار کو نہایت اہمیت دیتے ہیں، اس میلہ کا مقصد نہ صرف ماہر ہنر مندوں اور لوک فنکاروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے اور قومی سطح پر ان کی شناخت کا موقع فراہم کرنا ہے بلکہ دستکاروں کو اپنی بنائی ہوئی مصنوعات بغیر کسی ایجنٹ کے براہِ راست عوام کو فروخت کرنے اور اُن کی مناسب اجرت حاصل کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے منصوبوں کے ذریعے ملک کے کونے کونے میں بسنے والے افراد کو رسائی فراہم کرے۔اس ثقافتی میلے میں بھی تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے جس طرح ہنر مند اور فنکار شرکت کر رہے ہیں وہ قومی یکجہتی اور یگانگت کے فروغ کا اظہار ہے۔یہ میلہ دُنیا کوپاکستانی قوم کا حقیقی چہرہ دکھانے کا ذریعہ بھی بنا جو امن پر مبنی ہےاور اس پر ہماری صدیوں پرانی تہذیب و ثقافت اور علم و دانش کی چھاپ ہے ، انہیں اس بات پر فخرہے کہ دستکاروں اور فنکاروں نے اس تہذیب کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جدید تعلیم یافتہ قابلیت موجود ہے لیکن یہاں کے ہنر مند افراد بھی کسی سے کم نہیں اور پاکستانی دستکاریاں پوری دنیا میں اپنی الگ پہنچان رکھتی ہیں۔ اپنی دستکاریوں کو مزید فروغ دے کر کثیر زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔ ثقافت نہایت موثر ہتھیار ثابت ہو سکتا ہے جس سے گلوبلائزیشن کی جنگ موثر طور پر لڑی جا سکتی ہے ۔
امیر مقام نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس میلے میں شرکت کرنے والے تمام دستکاروں اور فنکاروں کو اس بات کاادراک ہو گا کہ ان کی فنی مہارت اور ثقافتی میراث ہی ان کی بقا اور پاکستان کا فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام اداروں اور افرادکے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے ثقافتی میلہ کے انعقاد کے لئے لوک ورثہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے خوبصورت میلہ سجانے پر سیکرٹری قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن اورلوک ورثہ کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔











