مری؛ڈی ای اوحمزہ علی خان کی زیر صدارت اجلاس، عید الاضحیٰ کے موقع پر ایمرجنسی کور پلان پر بریفنگ

14

مری،21 جون (اے پی پی ):  ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 مری حمزہ علی خان کی زیرنگرانی عید الاضحیٰ کے موقع پر بنائے جانے والے ایمرجنسی کور پلان پر اجلاس  کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ عید تعطیلات کے دوران ریسکیو 1122 مری کے اہلکار ایمرجنسی وہیکلز کے ہمراہ سٹریٹیجک لوکیشن پہ تعینات رہیں گے،ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔شہری اور مقامی آبادی کسی بھی ایمرجنسی میں فوری امدادی ہیلپ لائن 1122 ڈائل کریں،مری میں تمام ایمرجنسی وہیکلز اور ریسکیو بائیکس پر فرائض دینے والے اہلکاروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے،کسی بھی ایمرجنسی رسپانس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ فسیلیٹیشن سنٹرز پر ریسکیو اہلکار ایمرجنسی کور پلان کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں گے،قائم کردہ سنٹرز پر ریسکیو اہلکار کسی بھی ایمرجنسی پر بروقت رسپانس کے لیے موجود رہیں گے،ریسکیو 1122 کنٹرول روم 24/7 آپریشنل ہے،امدادی ہلپ لائن 1122 پر موصول ہونے والی ہر ایک کال پر بروقت امدادی کارروائیوں کا عمل جاری رہے گا۔

ریسکیو 1122 کنٹرول روم میں ڈسٹرکٹ مری کے کسی بھی علاقے سے موصول ہونے والی ایمرجنسی کال پر بروقت ریسکیو سروس کی فراہمی اوالین ترجیح  ہے۔