ملکی معیشت کی مضبوطی، تجارت و صنعت کا فروغ حکومت کی ترجیحات ہیں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

6

لاہور، 07جون(اے پی پی):  گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)کے وفد نے چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال اور مختلف انڈسٹریز سے وابستہ کاروباری حضرات کے مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور تجارت و صنعت کا فروغ حکومت کی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مخلصانہ کاوشوں اور مشکل فیصلے کر کے ملک کی معیشت کو بحران سے نکال لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی معیشت میں استحکام اور بہتری نظر آ رہی ہے جوکہ خوش آئند ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروباری حضرات نہ صرف ٹیکس دے کر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لیے کاروباری حضرات کو سازگار ماحول فراہم کرنا بہت ضروری ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلتا ہے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت مضبوط اقتصادی بنیاد کی ضرورت ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ سکلز ڈویلپمنٹ اور ووکیشنل ٹریننگ پر مسلم لیگ (ن)کے گزشتہ ادوار میں بہت کام ہوا ہے، اس میں مزید بہتری لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اشیا کی امپورٹ بند ہونے سے ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملا ہے ۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل نے گورنر پنجاب کوکمر شل امپورٹرز پر انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کوکم کرنے اور حالیہ بجٹ میں بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے درخواست کی۔ رمیض ارشد داروغہ والا انڈسٹری نے کہا کہ داروغہ والا انڈسٹری کو انڈسٹریل اسٹیٹ کا درجہ دیا جائے۔گورنر پنجاب نے تاجر برادری کو درپیش مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو بلا تاخیر متعلقہ حکام تک پہنچایا ہے ۔ وفد میں میاں اکرم مہر والٹن کنٹونمنٹ بورڈ،رمیض ارشد داروغہ والا انڈسٹری،فیصل مجاہد صدر سٹیل شیٹ مارکیٹ، نبیل محمود چیئرمین گڈز ایسوسی ایشن، ذیشان سہیل ملک پیپر مارکیٹ اردو بازار اور نوید اللہ خان چیئرمین سندرانڈسٹریل اسٹیٹ شامل تھے۔